
اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے انتہائی سرمایہ کار دوست پالیسیاں اپنائی ہیں جبکہ کاروبار میں آسانی کے حوالے سے بھی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔انہوں نے یہ بات موری ناگا ملک انڈسٹری کمپنی جاپان کے صدر میچیو میاں ہارا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوںنے جمعرات کو یہاںان سے ملاقات کی۔ صدر نے مقامی اور علاقائی منڈیوں کی غذائی ضروریات پورا کرنے کے لئے آئی سی آئی پاکستان کے اشتراک کار سے مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کے لئے 5.1 ارب روپے کی سرمایہ کاری پرموری ناگا جاپان کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اس سرمایہ کاری سے دیگر جاپانی کمپنیوں کو بھی رغبت ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سرمایہ کاری پالیسی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے جامع ڈھانچہ فراہم کرنے کے لئے وضع کی گئی ہے۔ انہوں نے اس امر کو اجاگر کیاکہ سرمایہ کاروں کے لئے موزوں کاروباری ماحول کو یقینی بنانے کے لئے کاروبار میں آسانی کے لئے اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ موری ناگا ملک انڈسٹری کمپنی 1917ء میں نیپون رینیون کمپنی لمیٹڈ کے طور پر قائم ہوئی تھی جس کی 1949ء میں موری ناگا ملک انڈسٹری کمپنی کے طورپر تشکیل نو کی گئی۔ اس وقت موری ناگا کے چین، جرمنی، ہالینڈ ، انڈونیشیا اور امریکا میں کئی مشترکہ منصوبے اور ذیلی ادارے موجود ہیں۔