صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت رمضان المبارک میں کورونا احتیاطی تدابیر بارے علما و مشائخ کے ساتھ مشاورتی اجلاس

125
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت رمضان المبارک میں کورونا احتیاطی تدابیر بارے علما و مشائخ کے ساتھ مشاورتی اجلاس
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت رمضان المبارک میں کورونا احتیاطی تدابیر بارے علما و مشائخ کے ساتھ مشاورتی اجلاس

اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علما اور مشائخ پر زور دیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران کورونا سے بچائو کیلئے مساجد اور امام بارگاہوں میں ایس او پیز کے نفاذ کیلئے قائدانہ کردار ادا کریں، خود ویکسین لگوائیں اور لوگوں کو بھی اس کی ترغیب دیں، عوام کو کورونا وائرس کی نئی قسم کی شدت کے بارے میں آگاہ کرنے کی ضرورت ہے، اس حوالہ سے علما، میڈیا اور سیاسی قیادت آگاہی پیغامات جاری کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان المبارک میں کورونا احتیاطی تدابیر کےبارے میں علما و مشائخ کے ساتھ مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے علما و مشائخ نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز نے بھی ورچوئل اجلاس میں شرکت کی۔

علاوہ ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون، چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما اور مشائخ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ صدر مملکت نے کورونا وائرس کی تیسری لہر کی شدت کے بارے میں عوام کو آگاہی دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ علما، میڈیا اور سیاسی قیادت کورونا سے بچائو کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے آگاہی پیغامات جاری کریں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال علما کرام کے ساتھ اتفاق رائے سے تیار کئے گئے ایس او پیز رواں سال رمضان المبارک کے دوران بھی تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں نافذ کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے دوران نماز استغفار ادا کریں اور کورونا کی وبا سے نجات کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا کریں۔ صدر مملکت نے کورونا کے دوران علما کرام کے تعاون کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ اس حوالہ سے مساجد اور منبر سمیت ہر سطح پر اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ زکوۃ اور فطرانہ ضرور ادا کریں اس سے کورونا وبا کے دوران مالی مشکلات کے شکار لوگوں کی مدد کی جا سکے گی۔ صدر مملکت نے علما و مشائخ اور اجلاس کے دیگر شرکا کی جانب سے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔