صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ٹوپی بارے میں بریفنگ اجلاس

65

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پر زور دیا ہے کہ مارکیٹ میں زیادہ تعلیم یافتہ اور ہنر مند پیشہ ور افراد کی ضرورت کے پیش نظر ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام متعارف کرانے اور ان کی تعداد بڑھانے کے لیے جامعات کی حوصلہ افزائی کی جائے، فیصلہ ساز تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی مارکیٹ کی ضروریات کو پوری طرح سمجھنے میں سست روی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ایچ ای سی کو ایسے اہم معاملے پر تیزی سے فیصلہ سازی کو یقینی بنانا چاہیے۔ وہ جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (جے آئی کے آئی ) ٹوپی بارے میں بریفنگ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس میں ریکٹر غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر فضل اے خالد، سوسائٹی فار پروموشن آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شکیل درانی، غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کی سینئر مینجمنٹ کے اراکین، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو بڑھانے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ اور پیشہ ور گریجویٹ پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے یونیورسٹیوں اور صنعتی شعبے کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو اپنے گریجویٹس کو مہارت فراہم کرنے کے لئے سیکھنے کے آن لائن اور ہائبرڈ طریقوں کو متعارف کرانے اور فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ریکٹر غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی نے اجلاس کو یونیورسٹی کی جانب سے فروغ تعلیم کے لئے کئے گئے مختلف نئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی گریجویٹس کی تعداد بڑھانے کے لئے ایک جامع آن لائن تعلیمی نظام متعارف کروا رہا ہے۔ مزید یہ کہ ادارہ تعلیمی سال 2022-23 میں کمپیوٹر سائنس اور سائبر سیکیورٹی میں نئے پروگرام پیش کرے گا، اس کے علاوہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیٹا سائنس اور سول انجینئرنگ میں ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرام متعارف کرائے جائیں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی تعلیم کے معیار کو بڑھانے کے علاوہ ملک میں تحقیق اور ترقی کو فروغ دینے کے لئے مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تحقیقی تعاون اور بین الاقوامی روابط کو فروغ دے رہا ہے۔ اجلاس کو مستقبل کے پروگراموں کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر کی ترقی اور اپ گریڈیشن کے منصوبوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔