صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کسٹ) اسلام آباد کے متعلق بریفنگ اجلاس

126

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یونیورسٹیوں میں ایچ ای سی کی انسدادِ منشیات اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلبا ء کی اخلاقی تربیت کے حوالے سے تدریسی حصے میں اضافے اور داخلہ لینے والے طلباء کی تعداد بڑھائی جائے جبکہ کورونا کی وجہ سے تعلیمی نقصان سے بچنے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ منگل کو یہاں کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کسٹ) اسلام آباد کے متعلق بریفنگ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وائس چانسلر کَسٹ یونیورسٹی ڈاکٹر محمد منصور احمد نے یونیورسٹی کی کارکردگی اور کامیابیوں کے بارے میں صدر مملکت کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ ایچ ای سی کی انسدادِ منشیات اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنائیں ، ایچ ای سی کا خصوصی افراد کو ٹیوشن فیس اور ہاسٹل فیس کی مد میں چھوٹ دینا خوش آئند ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ جامعات طلبا ء کی اخلاقی تربیت کے حوالے سے تدریسی حصے میں اضافہ کریں، یونیورسٹیوں میں معیار تعلیم بہتر بنانے اور داخلہ لینے والے طلباء کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسٹ یونیورسٹی اپنے وژن کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالتے ہوئے مقاصد کے حصول کیلئے مدت متعین کرے۔

صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی کا آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ سائبر سیکورٹی کے شعبے پر خصوصی توجہ دے جبکہ یونیورسٹی میں فاصلاتی تعلیم کی مقدار بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جائیں، کورونا کی وجہ سے قیمتی تعلیمی وقت کا ضیاع کم کرنے کیلئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی اپنانے کی ضرورت ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر جامعات کے مابین روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے، جامعات انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق طلباء کو ہنر سکھائیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسٹ یونیورسٹی نے ایچ ای سی کی انسداد منشیات اور خصوصی افراد کیلئے پالیسی پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، کسٹ یونیورسٹی سے اب تک 10 ہزار سے زائد طلباء فارغ التحصیل ہو چکے ہیں، مختلف پروگراموں میں اس وقت 5 ہزار سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں۔

بریفنگ کے مطابق کسٹ یونیورسٹی نے سال 21-2020 میں 14 کروڑ روپے سے زائد کے اسکالر شپس دیے۔ صدر مملکت نے تعلیمی شعبے میں کردار اور خصوصی افراد کیلئے نئی پالیسی اپنانے پر کسٹ یونیورسٹی کو سراہا۔