
کراچی ۔ 11 فروری (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سٹیزنز پولیس لیئزان کمیٹی ( سی پی ایل سی) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے دائرہ کار کو سندھ کے دیگر اضلاع تک پھیلایا جائے، کراچی کے تمام پولیس سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں، پرامن کراچی سے غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی۔ انہوں نے یہ بات پیر کو سٹیزنز پولیس لیئزان کمیٹی کے مرکزی رپورٹنگ سیل کے دورہ کے دوران کہی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پرسی پی ایل سی چیف زبیر حبیب نے صدر مملکت کو ادارہ کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے سی پی ایل سی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ سی پی ایل سی کے دائراکار کو سندھ کے دیگر اضلاع تک پھیلایا جائے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی سی پی ایل سی کی کارکردگی کو سراہا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے اور سکولوں اور کالجز میں منشیات کی روک تھام کےلئے بھی ادارہ کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ سائیبر کرائم کے حوالہ سے ایف آئی اے سے تعاون لیا جائے تاکہ ان شکایات کا بھی فوری تدارک ہو سکے۔ سی پی ایل سی چیف نے بتایا کہ سی پی ایل سی اور پولیس کے درمیان بہتر ہم آہنگی اور بروقت کارروائیوں کی بدولت کراچی میں جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے۔ کراچی آپریشن کے بعد اغواءبرائے تاوان، بھتہ خوری، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چوری میں نمایاں کمی آئی۔ انہوں نے کہا کہ سی پی ایل سی کے مزید دفاتر حیدرآباد اور جامشورو میں کھولے جا رہے ہیں۔ سی پی ایل سی چیف نے کہا کہ دیگر اضلاع میں بھی زونل دفاتر قائم ہوں گے۔ زبیر حبیب نے کہا کہ ادارے کے پاس ڈیٹا جمع کرنے اور محفوظ بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی موجود ہے۔