اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف واقعات میں شہید ہونے والے 18 سیکورٹی اہلکاروں کے لواحقین کو ٹیلی فون کرکے شہداء کی عظیم قربانی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے حسب روایت شہداء کے لواحقین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی احسان مند ہے، پاکستانی قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانی پر فخر کرتی ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے 2 فروری کو نوشکی میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والوں کے ورثاء سے بات کی۔ صدر نے کیپٹن محمد بلال خالد، لانس نائیک عنایت اللہ اور سپاہی وحید علی کے ورثاء سے اظہار تعزیت کی۔
انہوں نے 5 فروری کو دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں کے خاندان کے افراد سے بھی رابطہ کیا۔ صدر مملکت نے سپاہی ساجد علی، سپاہی ناہید اقبال اور سپاہی محمد ضیاء اللہ خان کے ورثاء سے بات چیت کی، سپاہی محمد سمیر اور سپاہی عجب نور کے خاندان کے افراد سے بھی صدر مملکت نے اظہار افسوس کیا۔
صدر مملکت نے 25 جنوری کو ضلع کیچ میں شہید ہونے والے 10 جوانوں کے اہل خانہ سے بھی بات کی۔ صدر نے نائیک وقاص احمد ، سپاہی ظفر اقبال ، سپاہی نوید غفور کے خاندان کے افراد سے اظہار افسوس کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے سپاہی عدنان مصطفیٰ ، زین علی ، محمد شہزاد حسین ، فرحان احسن طارق کے اہل خانہ سے بھی رابطہ کیا۔ صدر مملکت نے سپاہی محبوب علی ، ارسلان منظور اور محمد یاسر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔