
اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور مراکش کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے مزید استحکام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں تجارتی و کاروباری وفود کے باقاعدگی سے تبادلے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے یہ بات مراکش کے سفیر محمد کارمونے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان مراکش کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تمام شعبوں میں انہیں مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم حقیقی صلاحیت سے بہت کم ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان متبادل توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں مراکش کے تجربات سے استفادہ کر سکتا ہے۔ صدر نے مراکش کے بادشاہ محمد ششم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔