
اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ادب اور فنون لطیفہ کی ترویج حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ادب معاشرے میں امن وہم آہنگی پیدا کرنے کا اہم ذریعہ ہے، نجی و سرکاری اداروں کو باہمی تعاون سے ادب اور فنون لطیفہ کے ذریعے پاکستانی معاشرے کے مثبت پہلووں کی عکاسی کرنی چاہیے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو پروین شاکر ٹرسٹ کی چیئرپرسن پروین قادر آغا کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے کہاکہ پروین شاکر شہرہ آفاق شاعرہ تھیں۔ اردو ادب میں ان کی لازوال خدمات ہیں۔ صدر نے کہا کہ پروین شاکر نے اپنی شاعری سے خواتین کو نئی آواز دی اور اپنے کلام میں خواتین کو درپیش مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پروین شاکر ٹرسٹ نے ان کی یاد کو ہمارے دلوں میں تازہ رکھا ہوا ہے۔ یہ ٹرسٹ نئی نسل میں اردو ادب کے فروغ میں گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔