اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے جامع پالیسی مرتب کی گئی ہے، پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسی میں سرمایہ کے منافع سمیت واپسی پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو گورنمنٹ ریلیشنز ساؤتھ ایشیا، رائل ڈچ شیل کے نائب صدر جیمز ہال سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ سرمایہ کار دوست پالیسی غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کیلئے ایک جامع فریم ورک فراہم کرنے کیلئے بنائی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں سرمایہ کار دوست پالیسی میں سرمایہ، منافع اور منافع کی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نے نئے منصوبوں میں شیل کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ہے کہ کمپنی معاشی ترقی کے باہمی فائدہ مند اہداف کے حصول کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ شیل پاکستان میں قدیم ملٹی نیشنل میں سے ایک ہے اور وہ ایک صدی سے زیادہ عرصہ سے جنوبی ایشیئن خطہ میں موجود تھی۔ توانائی کے قابل تجدید وسائل کی اہمیت کی نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے شیل کمپنی پر زور دیا کہ وہ ان شعبوں میں سرمایہ کاری کرے کیونکہ اس نے اس شعبہ میں ایک اہم پیشرفت حاصل کی ہے۔اس موقع پر گورنمنٹ ریلیشنز ساؤتھ ایشیاء رائل ڈچ شیل کے نائب صدر جیمز ہال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1947ء میں آزادی کے وقت سے ہی پاکستان میں شیل کا اپنا اثر ہے اور اسے یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1952ء میں سوئی میں قدرتی گیس کی سب سے بڑی دریافت سے لے کر 1995ء میں پرچون بصری شناختی سٹیشنوں کے اجراء تک جس نے پاکستان میں ایندھن کی خوردہ فروشی کا چہرہ بدل دیا، شیل اس ملک میں توانائی کیلئے ایک سرشار پارٹنر رہا ہے، ہم اپنے سروس سٹیشن نیٹ ورک میں اپنے صارفین کیلئے ایک ساختی سہولت خوردہ فروشی کے ماڈل کو نافذ کرکے اپنی حکمت عملی میں ایک نمونہ بدل رہے ہیں جو ملک میں بہائو کیلئے ایک اور سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبہ میں شراکت اور کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی سمیت توانائی کے حوالہ سے محفوظ مستقبل کیلئے مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔