اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں بھارتی حمایت یافتہ 30 خوارج جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعہ کو جاری بیان میں صدر مملکت نے انٹیلیجنس پر مبنی کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے 30 دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز کا بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لئےکامیاب کارروائیاں کرنا خوش آئند ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔ صدر مملکت نے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا بھی اظہار کیا ۔