اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قائد ملت لیاقت علی خان شہید کو قوم کے لیے ان کی بے پناہ خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہمیں پاکستان کی آزادی اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے قائد ملت کے غیر متزلزل عزم کی یاد دلاتا ہے۔
پیر کو ایوانِ صدرکے پریس ونگ کے مطابق قائد ملت کی 72 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ لیاقت علی خان جدوجہد آزادی کے دوران بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور انہوں نے قوم کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔ صدر نے کہا کہ لیاقت علی خان نے پاکستان کے پہلے وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں، قائد ملت ملک کی خودمختاری کے بڑے چیمپئن اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے زبردست حامی تھے۔
صدر مملکت نے کہا کہ لیاقت علی خان شہید نے پاکستان کے ابتدائی سالوں، قرارداد مقاصد اپنانے اور چیلنجز پر قابو پانے کیلئے نوزائیدہ قوم کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے وژن کے مطابق ایک ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کے حصول کے لیے قائدِ ملت نے نئی قائم ہونے والی ریاست کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کے لیے انتھک محنت کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ قائد ملت نے جمہوریت، قانون کی حکمرانی، مہاجرین کی آباد کاری اور بحالی، ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے اور سماجی اور معاشی انصاف کے فروغ کے لیے کام کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قوم کے ساتھ لیاقت علی خان کی اٹوٹ وابستگی نے قوم کے اجتماعی شعور پر لازوال نشان چھوڑا ہے، ایک متحد، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کا قائد ملت کا وژن ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ آئیے نہ صرف لیاقت علی خان کی قربانیوں اور خدمات کو یاد کریں بلکہ ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں جہاں انصاف، مساوات اور اتحاد ہو۔ انہوں نے کہا کہ آئیے قائد ملت لیاقت علی خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک بہتر اور خوشحال پاکستان کے لیے کام کریں۔
صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قائد ملت کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے نظریات آنے والی نسلوں تک ہماری رہنمائی کرتے رہیں۔