اسلام آباد۔13جون (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہدا کی وطن کیلئے خدمات اور فرائض سے حد درجہ لگن کو سراہتے ہوئے ان کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کی تعریف کی ہے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے منگل کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار مختلف واقعات میں شہید ہونے والے پاک فوج کے شہدا کے لواحقین سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہدا اور ان کے خاندانوں کو خراج ِ عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے یکم جون کو سنگوان بلوچستان میں شہید ہونے والے سپاہی عنایت اللہ اور حسنین اشتیاق کے ورثا سے فون پر بات کی۔ صدر مملکت نے شہدا کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا اور لواحقین سے اظہار ِہمدردی کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے 3 جون کو شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے لانس نائیک معراج الدین کے والد سے بھی بات کی۔
صدر مملکت نے 4 جون کو میر علی میں شہید ہونےوالے نائیک ظہیر عباس کے والد سے بھی اظہار ِ تعزیت کیا۔ انہوں نے 4 جون کو جانی خیل میں شہید ہونے والے حوالدار محمد انور اور نائب صوبیدار غلام مرتضیٰ کے ورثا سے بھی فون پر اظہار ِ تعزیت کیا۔
صدر مملکت بے 5 جون کو جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے لانس نائیک صابر کے لواحقین سے بھی رابطہ کیا۔ صدر مملکت نے تمام شہدا کی وطن کیلئے خدمات اور فرائض سے حد درجہ لگن کو سراہا اور شہدا کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے شہدا کے بلندی درجات اور لواحقین کے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔