صدر مملکت کی بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن محمد الخلیفہ سے ملاقات میں گفتگو

152

اسلام آباد ۔ 9 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور تمام شعبوں میں ان تعلقات کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن محمد الخلیفہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے مابین قریبی خوشگوار برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک مشترکہ عقیدے، ثقافت اور ورثے کی بنیاد پر ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کی چیمبرز آف کامرس کے مابین قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بحرین پاکستان سے غلہ، تازہ سبزیاں ، پھل، ڈیری اور گوشت کی مصنوعات، ٹیکسٹائل، چمڑے کی مصنوعات، فرنیچر اور جراحی کے آلات درآمد کر سکتا ہے۔ انہوں نے بحرین پر زور دیا کہ بحرین میں تیل و گیس کی تلاش میں شرکت کے لئے پاکستان کی سرکاری اور نجی آئل و گیس کمپنیوں کو سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بحرین پاکستان کی سیاحت کی صنعت کی ترقی کے لئے سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کر سکتا ہے۔ صدر مملکت نے جون 2018ءمیں پاکستان اور بحرین کے مابین فوجی تعاون کے معاہدے پر دستخط پر خوشی کا اظہار کیا جو دفاع کے تمام شعبوں کا احاطہ کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے دفاع کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پیشکش کی کہ پاکستان خلیج تعاون کونسل کے مابین اختلافات ختم کرانے کے لئے ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ صدر مملکت نے شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کا کنگ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کے تحفہ پر بھی شکریہ ادا کیا۔ بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ نے بحرین میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کے بحرین کی اقتصادی ترقی میں تعمیری کردار کو سراہا۔ صدر مملکت نے پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کو بحرین میں روزگار کے مواقع میں ترجیح دینے پر زور دیا۔ بحرین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ کنگ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری دونوں ممالک کے مشترکہ مستقبل کے لئے سرمایہ کاری کے مترادف ہے۔