اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے غزہ میں ہسپتال پر وحشیانہ اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت کرتے ہوئےفوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیاہے،صرف دو ریاستی حل اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سے ہی خطے میں پھیلتی اِن مجرمانہ کارروائیوں کو حل کیا جاسکتا ہے ۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ مذمت کیا۔ صدر مملکت نے اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں معصوم جانوں کے المناک نقصان پرگہرے افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ہزاروں افراد کے قتل اور پھر ایک ہسپتال پر حملہ کر کے تمام بین الاقوامی اور اخلاقی اصولوں کو پامال کیا۔ صدر مملکت نےاسرائیل کی طرف سے سنگین جنگی جرائم کے مسلسل ارتکاب پر تشویش کا اظہارکیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اسرائیل شہری آبادیوں اور صحت کی سہولیات کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہا ہے، عالمی برادری اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے اور اسرائیلی بمباری اور غزہ کے جاری محاصرے کو فوری طور پر روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=402566