صدر مملکت کی مسجدِ اقصیٰ پر دھاوا بولنے کی مذمت، حیثیت میں تبدیلی کی کوششوں کے خلاف انتباہ

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے مسجدِ اقصیٰ (الحرم الشریف)پر دھاوا بولنے کے اقدام کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور مقدس مقام کی حرمت اور تاریخی حیثیت پر حملہ قرار دیا ہے

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے مسجدِ اقصیٰ (الحرم الشریف)پر دھاوا بولنے کے اقدام کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور مقدس مقام کی حرمت اور تاریخی حیثیت پر حملہ قرار دیا ہے۔ جمعرات کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے 6 اپریل کو ایک اسرائیلی وزیر سے منسوب واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے اس اقدام کو اشتعال انگیزی قرار دیا اور مسجدِ اقصیٰ کی مسلمہ مذہبی و قانونی حیثیت میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی کوششوں کو مسترد کیا۔ انہوں نے مسجدِ اقصیٰ تک رسائی پر حالیہ پابندیوں بالخصوص رمضان المبارک اور عید کے دوران عائد کی جانے والی رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ خطے کی صورتحال بشمول امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو ان اقدامات کے جواز کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے اقدامات کی روک تھام کےلئے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کی جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔