
اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے قومی معیشت بہتر ہو رہی ہے، بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے بھی پاکستان کی پالیسیوں کو سراہا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں وفاقی وزیر برائے تجارت انجینئر خرم دستگیر خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ قومی معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے برآمدات میں اضافہ اور تجارتی شعبہ میں مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت کے فروغ کیلئے موجودہ منڈیوں کے علاوہ نئی منڈیوں کی تلاش کی جائے تاکہ ہمارے تجاری حجم میں اضافہ ہو سکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ برآمد کنندگان اور تاجروں کے مسائل کے حل کی طرف بھرپور توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے صدر مملکت کو اپنی وزارت سے متعلق بریفنگ دی۔