
اسلام آباد ۔ 8 مارچ (اے پی پی)صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے روایتی فنون لطیفہ کا احیاءوقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت اس قدیم ثقافتی ورثہ کی سرپرستی ہمیشہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ممتاز خطاط اشرف ہیرا اور آرٹسٹ وقاص احمد شائق بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آرٹسٹ وقاص احمد شائق نے صدر مملکت کو قائداعظم کی نادر تصویر بھی پیش کی۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان میں خطاطی اور دیگر فنون لطیفہ کے احیاءاور اس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کی دلچسپی صرف اس حقیقت کی مظہر نہیں کہ ہماری نئی نسل اپنے ثقافتی ورثے کے ساتھ شعوری دلچسپی رکھتی ہے بلکہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ آنے والے دن نہ صرف ہماری تہذیبی شان و شوکت کے احیاءبلکہ قومی ترقی اور قومی وقار میں اضافہ کا بھی ذریعہ بنیں گے۔