
اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ خواندگی کی شرح کو بڑھانے کےلئے تعلیمی بجٹ میں 4 فیصد تک اضافہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت بلیغ الرحمٰن سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کہی جس میں کوآرڈینیٹروزیراعظم یوتھ پروگرام مخدوم عدیل الرحمن بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ تعلیمی معیار کو بہتر کرنے کیلئے سرکاری اداروں کو پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر ایسی پالیسی مرتب کرنی چاہئے جس سے ملک کے تعلیمی نظام میں بہتری آئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مستقبل کے حالات کے پیشِ نظر ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ایسا لائحہ عمل مرتب کرنا ہو گا جس سے آنے والے چیلنجوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں رضاکارانہ طور پر کام کرنے کے رحجان کو پروان چڑھانے کے ضرورت ہے تاکہ سماجی شعبہ میں بہتری آئے۔ صدر مملکت نے قومی تعلیمی نصاب کی تیاری میں ذاتی دلچسپی اور قرآنی تعلیمات کو نصاب کا حصہ بنانے کیلئے مجوزہ قانون سازی پر وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے اقدامات کو سراہا۔