صدر ٹرمپ نے سٹیل اور ایلومینیم کی تمام درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیا

104
Donald Trump
Donald Trump

واشنگٹن۔11فروری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سٹیل اور ایلومینیم کی تمام درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیاہے۔ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سٹیل اور ایلومینیم کی تمام درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیا ہے،عائد کردہ تازہ ترین محصولات، رواں سال 12 مارچ سے نافذ العمل ہو جائیں گے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ نئے محصولات تمام ممالک پر لاگو ہوں گے جس میں کسی کوکوئی رعایت ،کوئی استثنا حاصل نہیں ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ سٹیل اور ایلومینیم امریکا میں بنائے جائیں، غیر ملکی زمینوں میں نہیں۔ہمیں اپنے ملک کے مستقبل کے تحفظ کے لئے تخلیق کی ضرورت ہے ۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق، امریکا نے 2024 میں تقریباً 49 بلین ڈالر مالیت کا سٹیل اور ایلومینیم درآمد کیا۔یو ایس انٹرنیشنل ٹریڈ ایڈمنسٹریشن کے مطابق کینیڈا سٹیل کا سب سے بڑا سپلائر تھا، اس کے بعد میکسیکو، برازیل، جنوبی کوریا، جرمنی اور جاپان ہیں۔

متحدہ عرب امارات، جنوبی کوریا اور چین سمیت دیگر بڑے سپلائرز کے ساتھ کینیڈا ایلومینیم کا سب سے بڑا برآمد کنندہ بھی تھا۔امریکی صدر نے اشارہ دیا ہے کہ آنے والے دنوں میں بیرون ملک سے درآمدات پر مزید محصولات عائد کئے جائیں گے۔