اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی)پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے امریکی صدر ٹرمپ کے اسلامی دہشت گردی کے حالیہ بیان کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور او آئی سی کے رکن ممالک سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بیان پر احتجاج کریں۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے خط تحریر کرنے کے علاوہ امریکی صدر ٹرمپ کو براہ راست ٹویٹ پر مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کو کسی مذہب سے منسلک کرنا غلط ہے، اس سے عالمی سطح پر مذہبی ہم آہنگی کی کاوشوں کو دھچکا لگے گا۔ اپنے احتجاجی مراسلہ میں انہوں نے کہا کہ واحد سپر پاور کے سربراہ ہونے کے ناطے امریکی صدر ٹرمپ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر جیسے دیرینہ حل طلب مسئلہ کے خاتمہ کیلئے اپنا مو¿ثر کردار غیر جانبداری سے ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے اسلامی دہشت گردی کے بیان کو بعض عناصر اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرکے اپنے نفرت آمیز ایجنڈے کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان صف اول میں رہا ہے اور عالمی سطح پر دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اس نے جانی و مالی قربانیاں دی ہیں، اس تناظر میں امریکی صدر کا بیان پاکستانی قوم کیلئے زیادہ تکلیف دہ اور افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم کو بھی ٹرمپ کے اس بیان پر احتجاج کرنا چاہئے۔