واشنگٹن ۔5دسمبر (اے پی پی):امریکہ کے صدر دونالڈ ٹرمپ نے صومالیہ سے تمام امریکی فوجیوں کے انخلا کا حکم دیا ہے۔امریکی ذرائع ابلاغ نے محکمہ دفاع کے حوالہ سے بتایاکہ صدر نے دفاع کے محکمے اور امریکہ افریقہ کمان 2021 کی شروعات تک صومالیہ سے زیادہ تر فوجیوں اور تنصیبات کو ہٹانے کا حکم دیا ہے۔دفاع کے محکمے نے کہا کہ کچھ فوجیوں کو مشرقی افریقہ کے باہر دیگر علاقوں میں پھر سے تعینات کیا جاسکتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہےکہ صومالیہ میں سرگرم تشدد پھیلانے والی شدت پسند تنظیموں کے خلاف دباؤ قائم رکھنے کے لئے امریکہ اور معاون دستوں کو سرحد سے کارروائی کی اجازت دینے کے لئے خصوصی دستوں کو صومالیہ کے پڑوسی ممالک میں بھیجا جائے گا۔