صدر ٹرمپ کے دورہ برطانیہ پر مختلف سیاسی جماعتوں ، تنظیموں، سول سوسائٹی اور جنگ مخالف گر وپوں نے مظاہروں کا اعلان کر دیا

62

لندن ۔ 3 جون (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ برطانیہ کے موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں ، تنظیموں، سول سوسائٹی اور جنگ مخالف گر وپوں نے مظاہروں کا اعلان کیا ہے ۔ صدر ٹرمپ جو پیر سے برطانیہ کا تین روزہ سرکاری دورہ کررہے ہیں، کے خلاف بر طانیہ کے تمام شہروں میں سیاسی جماعتوں اور تنظیموں نے احتجاج کی کال دی ہے جس کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانیہ کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت لیبر پارٹی کے سربراہ جیرمی کوربن نے ٹرمپ کے دورہ برطانیہ کی مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے ایسے شخص کا استقبال نہیں کر سکتے جو بین الاقوامی معاہدوں کو پھاڑ کر پھینک دیتا ہے اور نسل پرستانہ و فساد پھیلانے والی زبان استعمال کرتا ہو ۔ امریکی صدر اس دورے میں ملکہ الزبتھ دوم سے ملاقات کریں گے اور مستعفی ہونے والی وزیراعظم تھر یسا مے کے ساتھ دو طرفہ امور پر تبادلہ کریں گے۔