مظفر آباد ۔31اکتوبر (اے پی پی):صدر پاکستان مسلم لیگ (ن )آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر سے یوتھ ونگ آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار یاسر منشا، سینئر نائب صدر راجہ یاسر اقبال، سیکرٹری جنرل سید غنضنفر علی شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر بھر میں یوتھ کی تنظیم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن )آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے ہدایت کی کہ آزاد جموں و کشمیر میں یوتھ ونگ کو منظم کرنے کے لیے تمام اضلاع، حلقوں، یونین کونسل، وارڈ، مہاجرین حلقوں کی تنظیم کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
صدر جماعت شاہ غلام قادر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )آزاد جموں و کشمیر یوتھ ونگ جماعت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، یوتھ کا منظم ہونا انتہائی ضروری ہے، قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، مریم نواز کے پیغام اور جماعت کی مضبوطی کیلئے یوتھ بھر پور کردار ادا کرے ۔ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن )آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )آزاد جموں و کشمیر کی یوتھ پارٹی کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر اور نظریہ الحاق پاکستان کے حوالے سے بھی بھرپور کردار ادا کیا جائے، تمام حلقوں کے ٹکٹ ہولڈر، صدر حلقہ ذاتی پسند نا پسند کا نظریہ ختم کرتے ہوئے پارٹی کے نظریاتی ورکرز کو یوتھ میں شامل کروانے کے لیے کردار ادا کریں۔