صدر ڈاکٹر عارف علوی آج  جمعرات کو جنوبی پنجاب ، سندھ اور بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے

203

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سیلاب زدہ علاقوں کا جائزہ لینے کیلئے ملک گیر دورے کر رہے ہیں ۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آج  جمعرات کوجنوبی پنجاب ، سندھ اور بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔صدر مملکت کو ڈیرہ غازی خان ، نصیر آباد اور سکھر میں سیلاب کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی ۔

صدر عارف علوی سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیں گے ۔صدر مملکت ریلیف کیمپوں کا دورہ کریں گے ، سیلاب زدگان سے ملاقات کریں گے۔صدر مملکت سیلاب زدگان کو سہولیات کی فراہمی اور انہیں درپیش مسائل جاننے کیلئے ان سے ملاقات کریں گے۔گزشتہ روز ، صدر مملکت نے خیبرپختونخوا میں سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کیلئے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا تھا۔

صدر مملکت نے قوم اور عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی دل کھول کر مدد کرنے کی اپیل کی تھی ۔صدر مملکت نے آئندہ سیلاب سے بچاؤ اور سیلاب زدگان کی تیز تر بحالی کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا تھا۔