اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اے پی پی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ عیدالاضحی کے موقع پر اجتماعی قربانی کے ذریعے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں مدد کریں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت ایوان صدر میں منعقدہ اجلاس میں کورونا وائرس کے دوران عیدالاضحی کے حوالہ سے طے شدہ ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعرات کو یہاں منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ، مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے وفاقی وزیر نور الحق قادری، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز اور صدر کے سیکرٹری طارق نجیب نجمی نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزراء نے عیدالاضحی کے دوران کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں صدر مملکت کو بریفنگ دی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ہدایت کی کہ علماء اور صوبائی حکومتوں سمیت تمام شراکت داروں کو اعتماد میں لے کر عوام میں سماجی فاصلہ کی پالیسی پر عملدرآمد کے بارے میں آگاہی اور اجتماعی قربانی کے اقدام کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو سے بچا جا سکے۔ اجلاس میں وباء کے حوالہ سے آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا اور میڈیا سے اپیل کی گئی کہ ایس او پیز کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے مؤثر کردار ادا کرے اور لوگوں کو آگاہی فراہم کرے کہ جانوروں کی منڈیوں اور بازار جیسے زیادہ رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔ اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کورونا کی بیماری کے حوالہ سے عوام میں شعور اجاگر کرنے میں میڈیا نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔