صدر ڈاکٹر عارف علوی کی کراچی کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے "کے فور” منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت

54
صدر ڈاکٹر عارف علوی کی کراچی کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے "کے فور" منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ’’کے فور‘‘ منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ، فراہمی آب کا یہ منصوبہ تیز رفتار بنیادوں پر چلانے کی ضرورت ہے، متعلقہ شراکت دار اس حوالے سے ہم آہنگی سے کام کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں کراچی میں فراہمی آب کے منصوبہ ’’کے فور‘‘ کے متعلق بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چئیرمین واپڈا ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے منصوبے کے بارے میں صدر مملکت کو بریفنگ دی۔

اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی حکومت کے متعلقہ سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ چیئرمین واپڈا نے کراچی میں پانی کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کی ضروریات پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے بتایا کہ جون 2021 تک کنسلٹنٹس کام شروع کر دیں گے جبکہ ڈیزائن ریویو اکتوبر 2021 تک مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے پر فروری 2022ء میں کام شروع ہو گا اور یہ اکتوبر 2023ء میں مکمل ہو جائے گا۔ صدر مملکت نے واپڈا کو ہدایت کی کہ کراچی کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ’’کے فور‘‘ منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل کرنے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے اس لیے یہ منصوبہ تیز رفتار بنیادوں پر چلانے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر آ سکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی حکومت واٹر سپلائی منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے واپڈا کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔