واشنگٹن ۔23اپریل (اے پی پی):امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ 13 سے 16 مئی تک سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔ اے ایف پی کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیاوِٹ نے گزشتہ روز رپورٹرز کو صدر ٹرمپ کے دورۂ مشرق وسطیٰ بارے بتایا۔
اس سے قبل عرب نیوز نے گزشتہ ماہ خبر شائع کی تھی کہ صدر ٹرمپ اپنی دوسری مدت کے پہلے غیرملکی دورے پر رواں برس مئی کے وسط میں سعودی عرب کا دورہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
واضح رہے امریکی صدر نے کہا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر اپنا پہلا غیرملکی دورہ سعودی عرب کا کریں گے۔ ان کا 6 مارچ کو کہنا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر آئندہ ڈیڑھ ماہ کے دوران مملکت جائیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا تھا کہ میں نے اپنے پہلے دورِ صدارت کے دوران 2017 میں اپنا پہلا غیرملکی دورہ بھی ریاض کا ہی کیا تھا۔
دوسری جانب سعودی عرب کی جانب سے بھی تاحال صدر ٹرمپ کے دورے کی ممکنہ تاریخوں کے حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی اعلان یا تصدیق نہیں کی گئی۔