صرف باقاعدگی سےشائع ہونےوالےاخبارات وجرائد کو ہی اشتہارات جاری کئے جائیں گے،وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی زیر صدار ت اجلاس میں فیصلہ

85
صرف باقاعدگی سے شائع ہونے والے اخبارات وجرائد کو ہی اشتہارات جاری کئے جائیں گے، وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی زیر صدار ت اجلاس میں فیصلہ

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی زیر صدارست سرکاری اشتہارات کے تقسیم میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے بڑے فیصلے کیے گئے ہیں، باقاعدگی سے شائع ہونے والے اخبارات وجرائد کو منصفانہ اور شفاف طریقے سے اشتہارات جاری کئے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، پرنسپل انفارمیشن آفیسرمبشر حسن سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اشتہارات کی تقسیم ، اخبارات وجرائد کی اشاعت کی تعداد جانچنے کے لئے ڈیجیٹل نظام لایا جائے گا۔ اجلاس کو اخبارات وجرائد کی اشاعت جانچنے کی فہرست ’’اے بی سی‘‘ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں قومی اور علاقائی اخبارات وجرائد کی اے بی سی سے متعلق جامع پالیسی اختیار کرنے پر غورکیا گیا۔ اخبارات کی باقاعدگی سے اشاعت اور تعداد جانچنے سے متعلق امور پر تفصیلات سے آگاہ کیاگیا۔اجلاس کو’’سینٹرل میڈیا لسٹ‘‘ میں موجود اخبارات و جرائد کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں اصولی فیصلہ کیا گیا کہ باقاعدگی سے شائع ہونے والے اخبارات وجرائد کو منصفانہ اور شفاف طریقے سے اشتہارات جاری کئے جائیں گے۔اجلاس میں اشتہارات صرف باقاعدگی سے شائع ہونے والے اخبارات وجرائد کو ہی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔