اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ صرف بروقت، ‘آزادانہ اور منصفانہ’ انتخابات ہی ملک میں موجودہ معاشی اور سیاسی بحرانوں کو ٹال سکتے ہیں۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "انتخابات کرانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، انہیں یقین ہے کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے کیونکہ ملک ایک اور بڑے سیاسی بحران کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سیاسی حرکیات بدل چکی ہیں ،عوام نے حالیہ ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے 20 منحرف ارکان کو مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا ووٹر کوئی پرانا ووٹر نہیں ہے،وہ ہر ترقی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹ اس پارٹی کے حق میں جائے گا جو ان کا اعتماد جیتے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو کبھی بھی برابری کا میدان نہیں ملا۔ تاہم وہ عام انتخابات میں پنجاب میں سرپرائز دینے کو تیار ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو اپنی سیاست پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ عطا اللہ تارڑ جیسے لوگ پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔