صرف تین ماہ کے عرصہ میں دوسری بار وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا، پاکستان کے ہر فرد کو فخر ہونا چاہئے کہ آج پاکستان مسلم امہ کی قیادت کر رہا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات کا ویڈیو بیان

76

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی عظیم کامیابی ہے کہ اسے صرف تین ماہ میں دوسری مرتبہ او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس کے انعقادکا اعزاز حاصل ہوا ہے، کانفرنس میں مسلم امہ کے مسائل زیر بحث ہیں، شرکاء کی تقاریر جاری ہیں، پاکستان کے ہر فرد کو فخر ہونا چاہئے کہ آج پاکستان مسلم امہ کی قیادت کر رہا ہے۔

منگل کو اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس جاری ہے، کانفرنس میں تقریباً 32 وزراء خارجہ اور 700 سے زائد مندوبین شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں شرکت کے لئے مندوبین ہمارے سیاسی حالات کو نظر انداز کرتے ہوئے آئے ہیں جو پاکستان کے لئے عزت کا باعث ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اپوزیشن جماعتوں بالخصوص ان لوگوں جنہوں نے کانفرنس کو ناکام بنانے کی بھرپور کوشش کی، کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس کامیابی سے جاری ہے۔