صنعتی ترقی میں انقلاب کیلئے یونیورسٹی کی لیبارٹریز کو کافی کام کرنا ہے ، احسن اقبال

229
احسن اقبال

نارووال۔ 27 نومبر (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی میں انقلاب پیدا کرنا ہو گا جس کیلئے یونیورسٹی کی لیبارٹریز کو کافی کام کرنا ہے ، طالب علموں کو کمپیوٹر کے شعبے میں دلچسپی لینا ہوگی اور انڈسٹری کو بھی کمپیوٹر سے منسلک کرنا ہوگا ۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ لاہور نارووال کیمپس میں نیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری آبادی مسلسل بڑھ رہی ہے ، تعلیم کو 2030 تک جدید ٹیکنالوجی سےآراستہ کرنا ہوگا ۔

احسن اقبال نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ ہماری یونیورسٹیوں میں وہ علم کی قیادت نوجوانوں میں پیدا کی جائے گی جو اپنی ریسرچ سے امت مسلمہ کو پھر اس کی کھوئی ہوئی گلوری عظمت رفتہ واپس دلائیں گے اور وہی ہماری منزل ہے جس کے لئے اقبال نے کہا تھا کہ جہاں تازہ کرنے کے لئے افکار تازہ کرنے کی ضرورت ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ آج ایک بڑا لمحہ فکریہ ہے غزا کے اندر جو کچھ ہو رہا ہے اس نے ہر مسلمان کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔ نیشنل کانفرنس سے پنجاب کی مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے علاوہ طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔