اسلام آباد ۔ 04جون (اے پی پی)وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ ملک میں صنعتی ترقی کے لئے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی جیسے منصوبے ناگزیر ہیں اور فیصل آباد صنعتی اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) جیسے منصوبوں کا معاشی سرگرمیوں کے فروغ، غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے علاوہ تجارتی خسارہ پر قابو اور برآمد کے حجم میں اضافہ میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں منعقدہ اجلاس کے دوران فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فیڈمک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عامر سلیم بھی موجود تھے۔ عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود پروڈکشن لائن بڑھنے سے ملکی برآمدات میں 7 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ برآمدات میں مسلسل اضافے اور درآمدات میں 4 بلین ڈالر کی کمی سے تجارتی حجم میں خلیج کم ہو رہی ہے اور مجموعی اکاﺅنٹ خسارہ بھی بہتر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی صورت حال اتنی خراب نہیں جتنی بعض حلقوں کی جانب سے پیش کی جا رہی ہے، تاہم اقتصادی صورتحال زیادہ تیزی سے بہتر ہونی چاہیے تھی۔