صنعتی سرگرمیاں بڑھنے سے درآمدات میں اضافہ ہوا ہے ،وزیراعظم کےمشیربرائے تجارت وہ سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود کا ٹویٹ

42

اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کےمشیربرائے تجارت وہ سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ صنعتی سرگرمیاں بڑھنے سے درآمدات میں اضافہ ہوا ہے ۔منگل کو یہاں ایک ٹویٹ میں انہوں نے وزارت تجارت ( ایم او سی ) کے درآمدات میں اضافے کے ابتدائی تجزیہ سے متعلق بتایا کہ رواں مالی سال2020.21 کے جولائی تا فروری 2021 کے دوران درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2.085 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے ، زیادہ تر اضافہ خام مال اور انٹرمیڈیٹ سامان کی درآمد میں ہوا ہے انہوں نے کہا کہ خام مال اور انٹرمیڈیٹ سامان میں 7.8 فیصد اضافہ ہوا ہے ، اس سے پتہ چلتا ہے کہ ملک میں صنعتی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ منسٹری آف کامرس کی میک ان پاکستان پا لیسی کامیاب اور اچھے نتائج دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قیمتوں کے استحکام کیلئے گندم اور چینی کی درآمد سے بھی اس سال امپورٹ بل میں اضافہ ہوا ہے ۔ ایکسپورٹ پر مبنی صنعت کی مدد کیلئے اور ان کے برآمدات کے تحفظ کیلئے کپاس بھی درآمد کی گئیں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال جولائی 2020 سے فروری 2021 کے دوران گندم کی درآمدات 909 ملین ڈالر, چینی کی در آمدات 126 ملین ڈالر اور کپاس کی درآمدات 913 ملین ڈالر رہی ہے ۔