صنعتی شعبے او ر تاجر وں کو درپیش مسائل کو کسی طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ شعبہ ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،چیئرمین سینیٹ

153
محمد صادق سنجرانی

فیصل آباد۔20نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ صنعتی شعبے او ر تاجر وں کو درپیش مسائل کو کسی طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ شعبہ ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پارلیمان کاروباری طبقے اور صنعتی شعبے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ فیصل آباد پہنچنے پر کیا۔ وفد میں سینیٹرزسجاد حسین طوری، مرزا محمد آفریدی، احمد خان اور کہدہ بابر شامل ہیں۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی معروف کارباری شخصیت اور زیڈ اے کارپوریشن کے مالک شیخ دانش علی کی دعوت پر فیصل آباد پہنچے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے فیصل آباد میں شیخ دانش علی کی نئے انڈسٹریل یونٹ بیسٹ سپینگ مل کا بھی افتتاح کیا۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو کاروباری طبقے کو درپیش مسائل بلخصوص ٹیکسٹائل انڈسٹری کی مشکلات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔چیئرمین سینیٹ کو بتایا گیا کہ پاکستان کا صنعتی شعبہ بلخصوص فیصل آباد کے صنعتی یونٹس نہ صرف ملک کیلئے کثیر زرمبادلہ کاباعث ہیں بلکہ معاشی ترقی میں بنیادی کردار کے حامل ہیں۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو کاروباری اور صنعتی شعبے کو ٹیکسوں کے حوالے سے درپیش مسائل کے علاوہ صنعتوں کو بجلی کی فراہمی سے متعلق مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمان کاروباری طبقے اور صنعتی شعبے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔صنعت کاروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پارلیمان اپنا بھر پور کردار ادا کر ے گا۔صنعتی شعبہ نہ صرف ملکی معیشت کی ریڑ ھ کی ہڈی ہے بلکہ قومی ترقی کیلئے بھی ٹھوس بنیاد فراہم کر تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے او ر تاجر وں کو درپیش مسائل کو کسی طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ شعبہ ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ شیخ دانش علی کی جانب سے نئی سپینگ مل کا آغاز ملکی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ کاروباری حضرات ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ برآمد کے فروغ کے لئے معیاری مصنوعات تیار کی جائیں۔ پارلیمان میں ٹیکسوں کے نظام کو متوازن بنانے اور کاروباری طبقے کو سہولت فراہم کرنے کے لئے موثر قانون سازی کی جا رہی ہے۔ سینیٹ کی متعلقہ قائمہ کمیٹیاں مستقل بنیادوں پر صنعتی اور کاروباری شعبے کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفد کے ہمراہ فیصل آباد کا دورہ بھی پارلیمان اور کاروباری طبقے کے مابین بہتر تعاون اور رابطہ کاری کا عکاس ہے۔ سیاست اور معیشت کو کسی طور پر الگ نہیں کیا جا سکتا ہے۔