صنعتی شعبے کے لیے بجلی کی قیمت میں 31 فیصد سے زائد کمی، ایک کروڑ 80 لاکھ مستحق صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی 50 فیصد سے بھی زائد ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

15
وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر 2025-26 کا متن

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے معاشی ترقی کے حصول اور ملکی صنعت کے لیے بجلی کی اہمیت کے پیش نظر صنعتی شعبےکے لیے بجلی کی قیمت میں 31 فیصد سے زائد کمی کی ہے جبکہ ایک کروڑ 80 لاکھ مستحق اور پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی 50 فیصد سے بھی زائد ہے۔

منگل کو قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم نے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر بھی نظر ثانی کی ہے جس کے نتیجے میں 3,000 ارب روپے سے زیادہ کی بچت ہوگی۔ اس طریقہ کار پر عمل کر کے ہم ماحول کے لیے نقصان دہ 3,000 میگاواٹ گنجائش سے زائد فرنس آئل پاور پلانٹس کو بند کرنے میں کامیاب ہوئے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ مستقل بنیادوں پر بہتری لانے کے لیے پاور سیکٹر میں گہری اور بنیادی اصلاحات لانا ضروری ہیں، ہم نے آگے بڑھتے ہوئے فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی تین ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کا تقریباً آدھا عمل مکمل کر لیا ہے اور ان کی نجکاری کے تمام ضروری لوازمات پورے کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بجلی کی ترسیل کے ادارے این ٹی ڈی سی کو موثر بنانے کے لیے اس کی تنظیم نو کی ہے اور اسے تین نئی کمپنیوں میں تقسیم کر دیا ہے۔ یہ کمپنیاں مستقبل کے پراجیکٹس کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد کی ذمے دار ہوں گی تاکہ بجلی کے ترسیلی نظام میں رکاوٹیں دور کی جاسکیں۔ ان اداروں کو چلانے کے لیے عالمی معیار کے افراد تعینات کیے جائیں گے۔