صنعتی ضروریات ومارکیٹ ڈیمانڈکے مطابق فنی تعلیم کے فروغ اور ہنرمند افرادی قوت کے ذریعے معاشی انقلاب برپا کیاجاسکتاہے،چیئرمین اپٹپما

56
Chairman All Pakistan Textile Processing Mills Association (ATPMA) Hafiz Sheikh Muhammad Asghar Qadri

فیصل آباد۔ 15 جنوری (اے پی پی):چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن (اپٹپما)حافظ شیخ محمد اصغر قادری نے کہا کہ صنعتی ضروریات اور مارکیٹ ڈیمانڈ کے پیش نظر فنی تعلیم کے فروغ اور ہنرمند افرادی قوت کے ذریعے معاشی انقلاب برپا کیاجاسکتاہے لہٰذا زیادہ سے زیادہ طلبا و طالبات اورخواتین وحضرات کو فنی تعلیم کے حصول کی جانب توجہ مرکوز کرنی چاہیے تاکہ ہنر مند افرادی قوت کی کمی دور کرنے سمیت باعزت روزگار کاحصول بھی یقینی ہو سکے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ ضلع فیصل آباد میں ایک ماڈل ادارہ بنانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کو فروغ دیکر ہی معاشی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ ساتھ بچیاں بھی فنی تعلیم حاصل کررہی ہیں جو خوش آئند بات ہے نیزیہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ خواتین ملک کی کل آباد ی کا نصف ہیں۔

انہوں نے حکومت پر زور دیاکہ وہ نہ صرف موجودہ فنی تعلیمی اداروں کی استعداد کار کو بڑھائے بلکہ مزید اداروں کے قیام سے فنی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے بھی اقدامات کرے۔انہوں نے اس امر پر اطمینان کااظہار کیاکہ صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ کے مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں۔