اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ قومی اسمبلی میں ا ن کی تقریر کو سیاق وسباق سے ہٹ کرپیش کیا جارہاہے، صنفی بنیادوں پرکوئی ریمارکس نہیں دئیے، پی ٹی آئی کی خواتین ارکان کو مریم نواز اورفریال تالپور کیلئے اپنے لیڈر کی گندی گفتگو اورریمارکس پرمعذرت کرنا چاہئیے۔
جمعرات کوقومی اسمبلی میں اپنے وضاحتی بیان میں وزیردفاع نے کہاکہ آج سینیٹ میں قانون سازی کے دوران پی ٹی آئی کے خصوصاً خواتین اور مرد حضرات اوراتحادی جماعتوں کے اراکین نے میری قومی اسمبلی میں تقریر پراعتراض کیا، میں نے دودفعہ اس کی وضاحت کی۔انہوں نے کہاکہ میری تقریر کاسیاق وسباق دیکھا جائے تو بات قانون سازی کو بلڈوز کرنے کی ہورہی تھی۔ میں نے طعنہ دیا کہ اس ایوان میں ایک منٹ میں, 50، 50 قوانین پاس ہوئے ہیں، میں نے کہاکہ الزام وہ لگائے جن کا اپنا دامن صاف ہوں، میرے ریمارکس صنفی بنیادوں پرقطعی طورپرنہیں تھے۔
وزیردفاع نے کہاکہ انہوں نے خواتین کیلئے کوئی توہین آمیز ریمارکس استعمال نہیں کئے تھے،میں صرف بیرسٹر علی ظفر کو یاد دلارہاتھا کہ ہائوس کا ریکارڈموجود ہے کہ ایک منٹ میں قانون سازی کی گئی ہے۔وزیردفاع نے کہاکہ جو خواتین قومی اسمبلی اورسینیٹ میں احتجاج کررہی تھیں ان سے میرا سوال ہے کہ کیا بیٹی مریم نواز اوربہن فریال تالپورخواتین نہیں تھی، ان کا لیڈر مریم بی بی اورفریال تالپور کیلئے عوامی جلسوں میں گندی زبان استعمال کرتا رہا ،
انہوں نے جن لوگوں کی تربیت کی ہے وہ سب کے سامنے ہیں۔ ہمارے لیڈرنے ہماری جو تربیت کی ہے اس کے مطابق ہم نواز شریف کی طرح ثابت قدم ہیں، بھٹو اوران کی بیٹی نے شہادت قبول کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صنفی بنیادوں پرگفتگو ان کا لیڈر کرتا رہاہے۔ میں نے خواتین کے حوالے سے کوئی گفتگو نہیں کی ہے۔وزیردفاع نے کہاکہ پی ٹی آئی کی خواتین ارکان اپنے لیڈر کی تقریر پرمعذرت کریں تو میں بھی معذرت کروں گا، پی ٹی آئی کی خواتین اورمرد حضرات اپنے لیڈر کی گفتگو سے کیوں صرف نظر کررہے ہیں، کیا ان کافرض نہیں کہ جن خواتین کے حوالہ سے صنفی بنیادوں پران کا لیڈر گفتگو کرتا ہے، اس پراحتجاج کریں۔