پشاور۔ 05 جولائی (اے پی پی):صوابی کے علاقے جبار تورڈھیر میں دریائے سندھ کے کنارے پانی کے تیز بہاؤ میں پھنسے 6 افراد کو نکال لیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی بروقت کارروائی سے ممکنہ سانحہ ٹل گیا۔گزشتہ شب صوابی کے علاقے جبار تورڈھیر میں دریائے سندھ کے کنارے 5 سے 6 افراد بمعہ تقریباً 100 مال مویشی پانی کے تیز بہاؤ میں پھنس گئے۔ یہ واقعہ رات کے وقت پیش آیا جس کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی عمل میں لائی.
ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ کیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، اسسٹنٹ کمشنر لاہور، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر۔ون لاہور اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر صوابی فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچے۔ کئی گھنٹوں پر محیط بروقت اور مربوط کارروائی کے نتیجے میں تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا.
مویشیوں کی رات کے وقت منتقلی ممکن نہ تھی، اس لیے مقامی افراد کی رضامندی سے انہیں وہیں چھوڑ دیا گیا اور صبح روشنی میں نکالنے کا فیصلہ کیا گیا. ریسکیو آپریشن کامیابی سے رات 11:30 بجے مکمل کیا گیا۔