تھانہ صوابی میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے، ڈی پی او

119
صوابی، پولیس سٹیشن کی دوسری منزل پر دھماکہ، متعدد افراد زخمی
صوابی، پولیس سٹیشن کی دوسری منزل پر دھماکہ، متعدد افراد زخمی

پشاور۔ 26 ستمبر (اے پی پی):تھانہ صوابی میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی نے صحافیوں کو بتایا کہ دھماکہ تھانہ کے مال خانہ میں ہوا جہاں پر پکڑا جانے والا بارودی مواد رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوا تاہم ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے کےلیے تحقیقات جاری ہیں۔ دھماکے میں تھانہ کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

دھماکے کے فوری بعد ریسکیو اہلکار اور فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو باچا خان میڈیکل کمپلیکس سمیت دیگر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ باچاخان میڈیکل کمپلیکس کے ترجمان کے مطابق اب تک ہسپتال میں 8 زخمیوں کو لایا گیا ہے جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے۔مزید نقصان سے بچنے کےلیے بم ڈسپوزل سکواڈ کو بلایا گیا۔