پشاور۔ 06 جون (اے پی پی):باچاخان میڈیکل کمپلیکس صوابی میں قائم چل فاونڈیشن میں پیراپلیجک سینٹرحیات آباد پشاوراورمائریکل فیٹ کے تعاون سے کلب فٹ کلینک کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب باچاخان میڈیکل کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں پیراپلیجک سینٹرکے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر الیاس، باچاخان میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر ڈاکٹرامجد محبوب، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹرشاہد نثاراورکلب فٹ کورآرڈی نیٹر ڈاکٹر محمد ثاقب نے شرکت کی۔
اس موقع پرڈاکٹرالیاس اور ڈاکٹر شاہد نثارخالد نے کلینک کا افتتاح کیا۔سی ای او پی سی پی ڈاکٹرالیاس سید نے بتایا پیدائشی ٹیڑھے پن کاشکاربچوں کےعلاج کے لئے تمام مٹیریل اورتکنیکی مدد پشاورپیراپلیجک سینٹر فراہم کرے گی، ایسو سی ایٹ پروفیسرآرتھوپیڈیک ڈپارٹمنٹ اورکلب فٹ کے کلینکل کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر محمد ثاقب نے بتایا کہ اس کلینک سے ضلع صوابی اورآس پاس کے اضلاع کے لوگ مستفید ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پیدائشی طورپرٹیڑھے پاوں کا شکار بچوں کا کامیاب علاج اب یہاں مفت ہوگا،ٹیڑھے پن کا شکار بچوں کےعلاج کا تمام خرچہ ادارے اٹھائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ علاج کی سہولت حاصل کرنے کے لئے مریض کی رجسٹریشن درکار ہوگی،افتتاح کے موقع پرہسپتال انتظامیہ اوردیگراداروں کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔