صوبائی حکومتیں تمام مقامی اداروں کو انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز 2023 کا پابند بنائیں،سردار اویس احمد خان لغاری

77
صوبائی حکومتیں تمام مقامی اداروں کو انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز 2023 کا پابند بنائیں،سردار اویس احمد خان لغاری

اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز 2023 پر اہم ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے تمام وزرائے اعلیٰ سے ان قوانین کے فوری نفاذ کی اپیل کی ہے۔

جمعہ کو جاری اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نےکہا ہے کہ ہم نے انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز 2023 کے نفاذ پر وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور دیگر وزراء کو مراسلات لکھ دیے ہیں۔ اویس لغاری نے کہا کہ صوبائی حکومتیں تمام مقامی اداروں کو ان قوانین کا پابند بنائیں۔

وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ گرمیوں میں بجلی کی طلب 29 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے، چند گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے بچنے کے لیے مہنگے پاور پلانٹس چلانا پڑتے ہیں۔ اویس لغاری نے کہا کہ بلڈنگ کوڈز کے نفاذ سے توانائی کی بچت اور پیک ڈیمانڈ کی مینجمنٹ بہتر ہو سکے گی۔ انہوں نے تمام صوبائی حکومتوں سے اس معاملے میں تعاون اور ملک میں توانائی کی بچت کو یقینی بنانے کی درخواست کی۔