پشاور۔29اکتوبر(اے پی پی )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے انکشاف کیا ہے کہ صوبائی حکومت نے پشاور تا ڈی آئی خان ایکسپریس وے کے سروے کیلئے کنسلٹنٹ کو متحرک کردیا ہے اور تو قع ظاہر کی ہے کہ جنوری2020 تک سروے مکمل کرلیا جائے گا۔ مذکورہ ایکسپریس وے کی تعمیر سے نہ صرف جنوبی اضلاع کے عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر ہوںگی بلکہ خطے میں سیاحت و تجارت کی سرگرمیوں …
صوبائی حکومت نے پشاور تا ڈی آئی خان ایکسپریس وے کے سروے کیلئے کنسلٹنٹ کو متحرک کردیا ہے،وزیراعلیٰ محمودخان
پشاور۔29اکتوبر(اے پی پی )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے انکشاف کیا ہے کہ صوبائی حکومت نے پشاور تا ڈی آئی خان ایکسپریس وے کے سروے کیلئے کنسلٹنٹ کو متحرک کردیا ہے اور تو قع ظاہر کی ہے کہ جنوری2020 تک سروے مکمل کرلیا جائے گا۔ مذکورہ ایکسپریس وے کی تعمیر سے نہ صرف جنوبی اضلاع کے عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر ہوںگی بلکہ خطے میں سیاحت و تجارت کی سرگرمیوں سمیت مجموعی معاشی ترقی کو تیزتر فروغ بھی ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان میں دربند اکنامک زون کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا جس سے نہ صرف صنعتی ترقی ممکن ہوگی بلکہ مقامی افراد کو روزگار بھی میسر آئے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قبائلی اضلاع کے عوام کیلئے انصاف روزگار سکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے عمل کو مزید تیزتر کیا جائے اور طریقہ کارکو مزید آسان بنایا جائے ۔انہوں نے محکمہ صنعت کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں تمام اکنامک زونز کی جلد سے جلد تکمیل ممکن بنائیں جبکہ صنعتی زونز کو بجلی کی فراہمی کیلئے وہیلنگ ماڈل پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کی جائے ، جس سے نہ صرف سرمایا کار صنعتی زونز میں سرمایاکاری کے لئے راغب ہونگے بلکہ صوبے کے اپنے محاصل میں بھی خاطرحواہ اضافہ ممکن ہو سکے گا۔وزیراعلیٰ نے سوات اکنامک زون کے قیام کیلئے زمین کی جلد از جلد نشاندہی کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مہمند ماربل سٹی کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا۔ وہ وزیر اعلی سیکرٹریٹ پشاور میںصوبے میں جاری انتہائی اہم منصوبوں کے حوالے سے دوسرے نظر ثانی اجلاس کی صدارات کر رہے تھے۔اجلاس میں وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا،وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ،سیکرٹری انڈسٹریز، ایم ڈی بینک آف خیبر، سی ای او ازمک و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو رشکئی سپیشل اکنامک زون ، سوات اکنامک زون ، دربند اکنامک زون ڈی آئی خان، مہمند ماربل اکنامک زون، بونیرماربل سٹی اور قبائلی اضلاع کیلئے انصاف روزگار سکیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو مذکورہ تمام منصوبوں کے حوالے سے گذشتہ اجلاس کے فیصلوں پر پیش رفت اور کارکردگی کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو رشکئی سپیشل اکنامک زون کیلئے ترقیاتی معاہدوں کی نظر ثانی ، گیس اور بجلی کی فراہمی کیلئے پی سی ون وغیرہ پر پیش رفت اور نئی ٹائم لائن کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا ۔









