مانسہرہ۔ 13 جون (اے پی پی):صوبائی حکومت کی جانب سے دستکاری سکولوں کی بندش کے خلاف خواتین اساتذہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔جمعہ کے روز مانسہرہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئےدستکاری سکولز کی اساتذہ آمنہ رؤف، ثمینہ بخاری، شگفتہ بی بی، فائزہ و دیگر دستکاری سنٹرز کی اساتذہ نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوے کہا کہ دستکاری سکولوں کی بندش کسی صورت قابل قبول نہیں، کئی سالوں سے نوکری کر رہے ہیں۔
اچانک دستکاری سکولوں کی بندش کے نوٹیفکیشن ہمارا معاشی قتل ہے، دستکاری سکولوں کی بندش کا نوٹیفکیشن فوری طور پر واپس لیا جائے اور دستکاری سکولوں کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل ترین مہنگائی کے دور میں دستکاری سکولوں کی بندش سے غریب، نادار اور مستحق خواتین کا مستقبل تباہ ہوگا اور فاقوں پر مجبور ہوں گی۔
وزیر اعلیٰ اور سپیکرکے پی کےاسمبلی دستکاری سکولوں کی بندش نوٹیفیکشن واپس لیکر محکمہ بلدیات کو سکولوں کو بحال کرنے کی ہدایت کریں اگر ایسا نہ کیا گیا تو خواتین اساتذہ شدید احتجاج کرنے اور سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گی۔