صوبائی دارالحکومت میں بارش،واسا لاہور کو الرٹ رہنے کی ہدایت

109

لاہور۔28اگست (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت لاہور میں بدھ کے روز مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے بعد واسا لاہور کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔ ترجمان کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد نے محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر واسا لاہور کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

ایم ڈی واسا نے ہیڈ آفس میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سٹاف و مشینری مکمل الرٹ رہیں اور تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کی سکرینوں کو مکمل صاف رکھا جائے،ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے انڈر پاس پمپس کو مکمل آپریشنل رکھا جائے،واسا کے افسران و سٹاف نکاسی آب کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی بندش کی صورت میں ڈسپوزل اسٹیشنز کو جنریٹرز کو چلایا جائے، تمام ایمرجنسی کیمپس پر سٹاف کی حاضری یقینی بنایا جائے تاکہ مزید بارشوں کی پیشن گوئی کے پیشِ نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل استعداد پر چلایا جا رہا ہے، بارش کے بعد زیادہ تر علاقوں کو بر وقت بارشی پانی سے کلیئر کر دیا گیا ہے تاہم واسا آپریشن جاری ہے۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ تمام جنریٹرز آپریشنل اور اسٹینڈ بائی رکھے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔