لاہور۔14ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری نے کہا ہے کہ صوبائی سیرت النبیﷺ کانفرنس کل16 ستمبر بروز سوموار الحمرا ہال میں منعقد ہو گی جس میں تمام مسالک کے جید علما و مشائخ سمیت دیگر اسلامی ممالک سے بھی مذہبی شخصیات شرکت کریں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پرڈائریکٹر جنرل مذہبی امور خالد محمود سندھو ،ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن آصف اعجاز ،پی ایس او برائے سیکرٹری اوقاف زاہد اقبال ، ترجمان اوقاف شیخ عبدالقیوم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر مذہبی امور حافظ جاوید شوکت سمیت دیگربھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ عید میلاد النبیۖﷺشایان شان طریقے سے منانے کیلئے محکمہ اوقاف پنجاب کے زیر انتظام10 روزہ تقریبات کا آغاز ہو چکا جبکہ الحمرا ہال میں4 روزہ نمائش کتب بعنوان ”سیرت طیبہ اسلامیات و پاکستانیات” شروع ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی کتب کی نمائش میں ملک بھر کے اہم پبلشرز نے سٹالز لگائے ہیں جبکہ محکمہ اوقاف پنجاب کی تصانیف کا سٹال بھی لگایا گیا ہے۔ سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ رواں برس صوبائی سیرت کانفرنس ”ریاست کا تعلیمی نظام سیرتۖکی روشنی میں ” کے عنوان سے منعقد کی جا رہی ہے ،اس موقع پر کتب سیرت طیبہ و مقابلہ نعت خوانی میں اول، دوم اور سوم پوزیشن والی کتب کو اعزازات سے بھی نوازا جائے گا۔
ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ صوبائی سیرت کانفرنس میں تمام مسالک کے جید علما ،مشائخ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ پاکستان مصر اور کویت سمیت دیگر اسلامی ممالک سے بھی مذہبی شخصیات شرکت کریں گی۔انہوں نے کہا کہ 16 ستمبر کی شام جامع مسجد داتا دربار میں قومی محفل نعت منعقد کی جائے گی جس کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں،عید میلاد النبیﷺکے سلسلے میں زونل اور ڈویژنل سطح پر بھی سیرت کانفرنسز منعقد کی جائیں گی جس میں متعلقہ ضلع اور تحصیلوں سے وابستہ علماء کرام اور انتظامی افسران بھی شرکت کریں گے۔