کوئٹہ۔ 25 اپریل (اے پی پی):محکمہ خزانہ بلوچستان میں اصلاحات کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے، یہ بات محکمہ خزانہ کے جاری کردہ بیان میں کیا جس کے تحت ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایک اور تاریخی قدم کے طور پر ماہرین معیشت اور مالیاتی ماہرین کو مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر تعینات کیا گیا ہے۔
کل آٹھ اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد، جن میں پی ایچ ڈی اکنامکس اور فنانس کے حامل اور بین الاقوامی جامعات سے فارغ التحصیل ماہرین شامل ہیں، کو محکمہ خزانہ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بجٹ سازی میں شفافیت، مالی نظم و نسق کو مضبوط بنانا اور ایک جدید اور عالمی معیار کے مطابق نظم و نسق متعارف کرانا ہے۔
سیکرٹری خزانہ عمران زرکون کی قیادت میں محکمہ خزانہ کو مکمل طور پر میرٹ، شفافیت اور عالمی طرزِ عمل کے مطابق ایک فعال اور ترقی پسند ادارے میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔