لاہور۔22اپریل (اے پی پی):پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے رواں مالی سال کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 76 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 6ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 9 ارب 78 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دیدی۔
اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ضلع و تحصیل مری میں جھیکا گلی چوک کی ری ماڈلنگ (ترمیمی) کیلئے 2 ارب 23کروڑ 46لاکھ 83ہزار روپے، فیصل آباد میں ملت روڈ چک نمبر 115/JB تا62/JBبراستہ بابا بکالا روڈ کی تعمیر و مرمت / کشادگی و بحالی (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 2کروڑ 90لاکھ 47ہزار روپے، سیالکوٹ میں پسرور تا کنگرہ ویلیج براستہ برھان پور، بالاگان، ہرگن،
شہزادہ، سہیول جھٹوکے، خان پور اور سبز کوٹ تک روڈ کی بہتری و بحالی کیلئے 1 ارب 52کروڑ 94لاکھ 42ہزار روپے، لاہور میں پرانی فورٹی فیلڈ وال کے تحفظ اور والڈ سٹی کے ارد گرد سرکلر گارڈن کے ایریا کی بہتری کیلئے 1 ارب 88کروڑ 20لاکھ 30ہزار روپے، لاہور میں شالیمار باغ کے تحفظ و بحالی کیلئے 1 ارب 60کروڑ 39لاکھ 60ہزار روپے اور لاہور میں دہلی گیٹ سے اکبری گیٹ تک اسپائس مارکیٹ پیکجز کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے 1 ارب 53لاکھ 92ہزار روپے شامل ہیں۔
اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل سمیت چیف اکانومسٹ محمد مسعود انور، متعلقہ سیکرٹریز، محکمہ جات کے اعلیٰ افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔