لاہور۔30مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور صوبائی وزیر قانون صہیب احمد بھرت سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات کے وفد نے ملاقات کی۔سول سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات میں سیکرٹری قانون آصف بلال لودھی اور دیگر بھی موجود تھے،صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے صوبائی وزیر قانون صہیب احمد بھرت کی موجودگی میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات کے جنرل سیکرٹری اشتیاق احمد وڑائچ کو ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک دیا۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں وکلا برادری کا کلیدی کردار ہے۔جمہوری روایات کے فروغ اور جمہوری نظام کی مضبوطی میں بھی وکلا کا موثرکردار ہے۔پنجاب حکومت وکلا برادری کی فلاح کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ بار کو فراہم کردہ فنڈز کے بہترین استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ڈسٹرکٹ بار گجرات کو فراہم کردہ گرانٹ سے وکلا کو سہولیات کی فراہمی میں اضافہ ہوگا۔وزیر اعلی مریم نواز خواتین وکلا کیلئے علیحدہ بلڈنگ بنا کر بھی دیں گی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ عام آدمی کو فوری اور بروقت انصاف کی فراہمی ضروری ہے،اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت جوڈیشل ریفارمز پر کام کر رہی ہے۔چوہدری شافع حسین نے گجرات بار کو گرانٹ کی فراہمی پر صوبائی وزیر قانون صہیب احمد بھرت کا شکریہ ادا کیا۔گجرات بار نے گرانٹ کی فراہمی پر صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین سے اظہار تشکرکیا۔