پشاور۔ 07 نومبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیرسماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے کہا ہےکہ اگرٹریفک کے رہنما اصول اورقوانین اپنائے جائیں تو بہت سے حادثات اورانسانی ضیاع سے بچا جا سکتا ہے کیونکہ ڈرائیونگ کے دوران چھوٹی چھوٹی غلطیاں بڑے حادثات اورنقصانات کا سبب بنتی ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریفک پولیس ٹریننگ ڈرائیونگ سکول پشاورمیں ٹریفک کورس مکمل کرنے والے شرکاء میں سرٹیفیکیٹ دینے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،
ٹریفک ٹریننگ کورس میں تقریبا 250 مرد اور خواتین نے 14 دن کا ڈرائیونگ تربیتی کورس مکمل کیا اوران کا باقاعدہ ڈرائیونگ ٹیسٹ لینے کے بعدا نہیں سرٹیفیکیٹ جاری کیئے گئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرنے کہا کہ اگر اچھے طریقے سے ٹریفک قوانین پرعمل درآمد کیا جائے تو لوگوں کی زندگیاں بچ سکتی ہیں اس لیے گاڑی کی ڈرائیونگ سے پہلے ہمیں اپنی گاڑی کامکمل طور پر مشاہدہ کرنا ہوگا اوردیکھنا ہوگا کہ اس میں کو ئی خرابی تو نہیں ہے،
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ٹریفک پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت دوسری صوبوں کی ٹریفک پولیس سے بہتر ہے اوروہ صوبے کے ٹریفک کے نظام کو اچھے طریقے سے چلا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ پشاورکے لیے35 سال کے ماسٹر پلان کے تیارکرنے کی ضرورت ہے جس سے ٹریفک جام اور دوسرے مسائل پرقابو پایا جا سکے گا ،انہوں نے یقین دلایا کہ پشاورٹریفک وارڈن کی کمی پوری کرنے کا معاملہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکی نوٹس میں لایا جائے گا۔