عید الاضحی کے موقع پرجانوروں کی خریداری کے لیے زیادہ سے زیادہ سیل پوائنٹ بنائے جائیں گے تا کہ خریداروں کے رش کے باعث کووڈ 19 کے ممکنہ پھیلاؤ سے بچا جا سکے، کووڈ 19 کی صورتِ حال بہت بہتر ہے،اس کی دوسری لہر آنے کے خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا ڈی سی آفس اٹک میں پریس کانفرنس سے خطاب

89

اٹک ۔ 14 جولائی (اے پی پی) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پرجانوروں کی خریداری کے لیے زیادہ سے زیادہ سیل پوائنٹ بنائے جائیں گے تا کہ خریداروں کے رش کے باعث کووڈ 19 کے ممکنہ پھیلاؤ سے بچا جا سکے. کووڈ 19 کی صورتِ حال بہت بہتر ہے،اس کی دوسری لہر آنے کے خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے دورہ اٹک کے موقع پر ڈی سی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس سے قبل اٹک میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے دورے کے موقع پرانہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی نگرانی میں عوام کو تمام طبی سہولیات مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں جن کے فوائد عوام تک پہنچ رہے ہیں۔دورے کے دوران ان کے ہمراہ چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی پنجاب سید یاور عباس بخاری،رہنما تحریک انصاف سید خاور عباس بخاری، سپیشل سیکرٹری صحت اجمل بھٹی، ترجمان حکومتِ پنجاب چوہدری عمر کسیانہ، ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر، سید عمران بخاری، سید مظہر شاہ، بلاول ہنی، سرفراز خان، سردار جہانگیر، مراد بٹ،ملک حماد، چوہدری عابد،آئی ڈیپ اور محکمہ صحت کے افسران اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب مختلف اضلاع میںمدر اینڈ چائلڈ ہسپتال قائم کررہی ہے۔جسکا مقصد ماں اور بچے کی بہتر صحت کے لیے زیادہ سے زیادہ اقدامات کرنا ہے۔انہوں نے کہا اس دورے کا مقصدمدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اٹک میں مختلف تکنیکی پہلوئوں کا جائزہ لینا تھااور اس سلسلے میں آئی ڈیپ کے ماہرین سے مشاورت کا عمل مکمل کیا گیا ۔بہت جلد تمام تکنیکی پہلوئوں کا جائزہ لے کر گور نمنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال کے شعبہ گائنی کو مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال میں منتقل کیا جائے گا اور اسے مکمل طور پر اگلے ماہ میں فعال بنایا جائے گا، جو چوبیس گھنٹے کا م کر ے گا ۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ سو بستروں کا یہ ہسپتال انقلابی حیثیت کا حامل ہے اور اس کے قیام میں چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی پنجاب سید یاور عباس بخاری کا اہم کردار ہے۔ہسپتال کے ساتھ نر سنگ کالج کا منصوبہ بھی زیر غور ہے اور اس تمام پرا جیکٹ پر تین سے چار ارب روپے لاگت آئے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ میں چند مقامات پر پولیو کے کیسزسامنے آنے کے بعد محکمہ صحت پنجاب فوری بنیادوں پر اقدامات کر رہا ہے اور اس ضمن میں جلد ہی موثر آگاہی مہم بڑے پیمانے پر شروع کی جائے گی۔ پولیوII سے متاثرہ بچے کی والدہ بیرونِ ملک قیام کے بعد پاکستان واپس آئی تھی. اس کیس کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہے تا کہ مستقبل میں اس کا تدارک کیا جا سکے. انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب محکمہ صحت کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کررہی ہے ۔صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹرز ،پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر متعلقہ اسامیوں پر ہنگامی بنیادوں پر بھرتی کی جارہی ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ عوام کو دیگر طبی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ صوبہ بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں میں واضح کمی آ رہی ہے جو ایک اچھا شگون ہے۔لیکن اس کے باوجود حکومت پنجاب پوری طرح مستعد ہے اور اس وبا سے لڑ رہی ہے ۔روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افراد کے ٹیسٹ کیے جارہے ہے اور جن کے ٹیسٹ مثبت آرہے ہیں ان کا کورونا ایس او پیز کے مطابق علاج جاری ہے۔ کورونا کے خلاف فر نٹ لائن ورکرز کو رسک الائو نس اور شہدا کو خصوصی پیکیج دیا جارہا ہے۔ مویشی منڈیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھیں اور کورونا ایس او پیز کی مکمل پابندی کریں ۔